معروف تجزیہ نگار و کالم نویس نذیر ناجی انتقال کر گئے

لاہور: (دنیا نیوز) معروف تجزیہ نگار و کالم نویس نذیر ناجی انتقال کر گئے۔

معروف تجزیہ نگار و کالم نویس نذیر ناجی لاہور کے نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے، نذیر ناجی کی عمر 81 سال تھی۔

نذیر ناجی کو صحافتی خدمات کے اعتراف میں ہلال امتیاز بھی دیا گیا تھا، مرحوم 2012ء سے دنیا میڈیا گروپ سے وابستہ تھے، وہ روزنامہ ’دنیا‘ میں بطور گروپ ایڈیٹر فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

 نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سینئر صحافی نذیر ناجی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

محسن نقوی نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہارکیا ہے، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نذیر ناجی مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم کی شعبہ صحافت کے لئے خدمات کو تا دیر یاد رکھا جائے گا۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

 نذیر ناجی ایک زمانہ میں میاں محمد نواز شریف کے تقریر نویس بھی رہے ہیں، نذیر ناجی ان افراد میں شامل رہے جنہیں 12 اکتوبر 1999ء کو صدر پرویز مشرف کے مارشل لاء کے دوران وزیراعظم ہاؤس سے گرفتار کیا گیا تھا اورانہیں پوچھ گچھ کے طویل عمل سے بھی گزرنا پڑا تھا۔

نذیر ناجی نے اردو کے سینئر کالم نگار کی حیثیت سے 27 سال سے زیادہ مقامی روزنامہ میں اپنی خدمات انجام دیں، وہ پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز کے چیئرمین بھی رہے، وہ 2012ء میں روزنامہ ’دنیا‘ میں بطور گروپ ایڈیٹر شامل ہوئے۔
 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں