گمشدہ بلوچ طلباء بازیابی کیس: 3 حساس اداروں کے ڈی جیز پر مشتمل کمیٹی قائم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) گمشدہ بلوچ طلباء کی بازیابی کے کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے تین حساس اداروں کے ڈی جیز پر مشتمل کمیٹی قائم کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے مطابق اٹارنی جنرل منصور اعوان بھی کمیٹی کی معاونت کریں گے، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم آئی اور ڈی جی آئی بی پر کمیٹی مشتمل ہوگی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔

عدالت کے مطابق کمیٹی گمشدہ افراد سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کرے گی، ڈی جی انٹیلی جنس بیورو کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے، کمیٹی لاپتہ بلوچ طلباء اور نئے لاپتہ افراد کے حوالے سے رپورٹ آئندہ سماعت سے پہلے پیش کرے گی، کمیٹی متعلقہ ضلع اور ڈویژن کے سیکٹر کمانڈر سے معلومات لے کر سربمہر رپورٹ پیش کرے گی۔

عدالت نے حکم دیا کہ کمیٹی جبری گمشدگی میں ملوث ماتحت حکام کے خلاف کارروائی کیلئے سفارشات پیش کرے گی، عدالت نے وزیراعظم، داخلہ و دفاع کے وزراء اور سیکرٹریز کو بھی اگلی سماعت پر طلب کرلیا، کیس کی آئندہ سماعت 28 فروری کو ہوگی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں