جہاں جہاں ہمارے ووٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، مینڈیٹ واپس لیں گے: سراج الحق

لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جہاں جہاں ہمارے ووٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، مینڈیٹ واپس لیں گے۔

اپنے بیان میں سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی سویلین بالادستی کے قیام کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی، اپنے حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام کے مینڈیٹ کو بلڈوز کرنے کے بعد اقتدار کی بندر بانٹ جاری ہے، دہائیوں سے مسلط کرپشن زدہ دو خاندانوں کو پھر مسلط کیا جا رہا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ پوری قوم نے الیکشن نتائج مسترد کر دیئے، اعلیٰ عدالتی کمیشن کے ذریعے دھاندلی کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر غیر جانبداری سے متعلق حلف کی پاسداری میں ناکام ہوگئے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں