بلاول کا اپنے خلاف دھاندلی کا الزام لگانے والوں کیخلاف کارروائی کا اعلان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خلاف دھاندلی کا غلط الزام لگانے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کر دیا۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ میرے انتخابی حلقے این اے 194 سے ایک فراڈئیے نے لاڑکانہ میں میری کامیابی کو دھاندلی سے تعبیر کرنے کا دعویٰ کیا ہے، میں اپنے انتخابی حلقے میں دھاندلی کے الزامات کو غیرسنجیدہ نہیں لے سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں گورنر کی تعیناتی، پیپلز پارٹی نے 3 نام شارٹ لسٹ کر لئے

بلاول بھٹو زرداری نے این اے 194 کے اپنے انتخابی حلقے کے تمام فارم 45 عوام کے سامنے رکھ دئیے، انہوں نے کہا کہ فارم 47 کے مطابق میں نے ایک لاکھ 35 ہزار 112 ووٹ لئے ہیں جو میرے حریف پر ایک لاکھ سے زیادہ کی برتری ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بجائے یہ کہ عزت کے ساتھ اپنی شکست کو تسلیم کریں شکست خوردہ افراد جھوٹ بولنے پر اتر آئے ہیں، انتخابات میں دھاندلی اور بے ضابطگی کے الزامات اہم نوعیت کا معاملہ ہے اور انہیں سنجیدہ لینا چاہئے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ بلوچستان کون ہوگا؟ اعلان 48 گھنٹے میں متوقع

بلاول بھٹو نے کہا کہ جو لوگ انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگا رہے ہیں وہ دراصل ان افراد سے ناانصافی کر رہے ہیں جن کے الزامات جائز نوعیت کے ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی نے جمہوریت کے لئے اپنی قیادت اور کارکنان کا لہو دیا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں