انکوائری کمیٹی نے سابق کمشنر راولپنڈی کے الزامات من گھڑت قرار دے دیئے

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کے الزامات کے معاملہ پر ذرائع نے بتایا ہے کہ انکوائری کمیٹی نے سابق کمشنر کے الزامات کو من گھڑت قرار دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی نے لیاقت علی چٹھہ کے خلاف توہین الیکشن کمیشن اور کریمنل کارروائی کی سفارش کر دی، الیکشن کمیشن کی انکوائری کمیٹی نے رپورٹ تیار کر کے کمیشن کو پیش کر دی۔

انکوائری کمیٹی نے بیانات کی روشنی میں کمیشن کو سفارشات بھی دیں، انکوائری کمیٹی نے لیاقت چٹھہ کے خلاف قانونی کارروائی کی سفارش کر دی، انکوائری کمیٹی نے اپنی سفارش میں کہا ہے کہ لیاقت چٹھہ کے خلاف توہین الیکشن کمیشن یا کریمنل کارروائی کی جائے۔

ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لیاقت چٹھہ نے تسلیم کیا کہ کسی کے بہکاوے میں آ کر بیان دیا، لیاقت چٹھہ نے انکوائری کمیٹی کے سامنے بیان پر معافی مانگ لی۔

رپورٹ کے مطابق سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کے الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں، انکوائری رپورٹ کے ساتھ سابق کمشنر راولپنڈی کا بیان لگایا گیا ہے، 6 ڈی آر اوز اور قومی و صوبائی حلقوں کے آر اوز کے بیانات بھی لگائے گئے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں