شہباز شریف سے ایم کیو ایم وفد کی ملاقات، سیاسی تعاون بارے امور پر تبادلہ خیال

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہبازشریف سے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی صورتحال اور سیاسی تعاون کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایم کیو ایم وفد گورنر سندھ کامران ٹیسوری، مصطفیٰ کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار پر مشتمل تھا، ملاقات میں سینیٹر اسحاق ڈار، رانا ثناءاللہ، سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، رانا مشہود، عطاء اللہ تارڑ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت سازی : بی اے پی نے مسلم لیگ ن کی غیر مشروط حمایت کردی

شہبازشریف نے ایم کیو ایم کے تعمیری اور مثبت جذبے کو سراہا اور کہا کہ تمام جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام ووٹ کو عزت دینا ہے، ہم سب جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، سب کی ذمہ داری ہے کہ مل کر ملک کو معاشی خطرات سے بچائیں۔

مسلم لیگ ن کے نامزد وزیر اعظم نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے میں ایم کیو ایم کے کردار کو سراہتے ہیں۔

اس موقع پر قائدین نے اتفاق کیا کہ عوام کی خدمت کے لئے ہم سب متحد ہوکر آگے بڑھیں گے، سیاسی مفادات کے بجائے قومی مفادات ترجیح ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سپیکر و ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کیلئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور

ایم کیو ایم وفد نے شہبازشریف کی ملک و قوم کے لئے خدمات کو سراہا، وفد کا کہنا تھا کہ شہباز شریف 16 ماہ کے دوران تمام اتحادیوں کو بڑی خوش اسلوبی سے ساتھ لے کر چلے۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد کا کہنا تھا کہ اُمید ہے کہ آپ کی قیادت میں پاکستان اور عوام کو مسائل سے نجات ملے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں