خواتین کی تعلیم، صحت اور مجموعی بہبود میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے: مشعال ملک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ خواتین کی تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور مجموعی بہبود میں سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔

خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں مشعال ملک نے کہا کہ خواتین کا عالمی دن ہر سال 8 مارچ کو منایا جاتا ہے، بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں عوام خصوصاً خواتین پر بھارتی قابض افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم و ستم اور جبر کے باوجود کشمیری خواتین کشمیر کی جدوجہد آزادی میں اپنا نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں، دنیا بھر کی خواتین مشکل وقت میں کشمیری خواتین کے غیر متزلزل جذبے سے رہنمائی حاصل کر سکتی ہیں۔

مشعال ملک نے سیاسی فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کی شرکت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاست میں خواتین کی فعال شمولیت جمہوری عمل کو تقویت بخشتی ہے اور صنفی لحاظ سے مساوی پالیسیوں کی ترویج کو فروغ دیتی ہے۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے اپنی سربراہی میں شروع کردہ سو روزہ پلان کے تحت پاکستان میں انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اٹھائے گئے اہم اقدامات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ 100 روزہ منصوبہ خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق اہم شعبوں بشمول صنفی مساوات، تعلیم، معاشی خود مختاری، صحت کی دیکھ بھال، اور خواتین کے خلاف تشدد کا مقابلہ کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات کا احاطہ کرتا ہے۔

مشعال ملک نے سو روزہ پلان کی روشنی میں آزاد جموں و کشمیر کی خواتین کی بہبود کے لیے آزاد جموں و کشمیر کی حکومت کے ساتھ دستخط کیے گئے ایم او یو کا بھی ذکر کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں