شدید بارشیں اور برفباری، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو الرٹ رہنے کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں، برفباری اور اس کے نتیجے میں سیلابی صورتحال و لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات کے پیش نظر متعلقہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صورتحال کی مکمل نگرانی کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں، ممکنہ خطرے سے دوچار علاقوں میں امدادی ٹیموں اور مشینری کی بروقت دستیابی کی یقینی بنایا جائے۔

این ڈی ایم اے ترجمان نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات پاکستان نے پیش گوئی کی ہے کہ 29 فروری تا 2 مارچ 2024 تک ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ متوقع ہے۔

پیش گوئی کے مطابق گوادر، کراچی، حیدرآباد، راولپنڈی، پشاور، مردان، اسلام آباد، ملتان، سیالکوٹ، نارووال اور لاہور میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، شدید بارشوں اور برفباری کے باعث بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی متوقع ہے، ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں متاثر ہو سکتی ہیں۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صورتحال کی مکمل نگرانی کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔

سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ممکنہ موسمی صورتحال سے آگاہی فراہم کی جائے اور سیاحوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ سفر کے آغاز سے قبل متعلقہ علاقے کے موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے آگاہ رہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں