سیہون میں لعل شہباز قلندرؒ کے عرس کی تقریبات کا آغاز

سیہون: (دنیا نیوز) سندھ کے شہر سیہون میں برصغیر کے 12 ویں صدی کے صوفی بزرگ سید محمد عثمان مروندی المعروف لعل شہباز قلندرؒ کے 772 ویں عرس مبارک کی تقریبات کا آغاز ہوگیا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے لعل شہباز قلندر کے عرس مبارک کی تقریبات کا افتتاح کیا جہاں انہوں نے لعل شہباز قلندرؒ کے مزار پر پھول چڑھائے اور عقیدت پیش کیا، سیکرٹری اوقاف سندھ منور مہیسر نے گورنر سندھ کا استقبال کیا۔

کمشنر حیدرآباد خالد حیدر شاۃ اور ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دہاریجو بھی موجود تھے، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے قلندرؒ کے مزار پر دھمال بھی دیکھی۔

چیئرمین میلہ کمیٹی علی ذوالفقار میمن نے گورنر سندھ کو سندھی ٹوپی اجرک کا تحفہ دیا۔

پاکستان بھر سے آئے ہوئے عقیدت مندوں نے سرخ اور سیاہ رنگ کے مخصوص لباس میں جشن کا آغاز کر دیا، مزار میں داخل ہونے والے عقیدت مندوں کی دروازے پر تلاشی لی گئی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں