پی ٹی آئی والے امریکہ سے اپنے لیڈر کو این آر او دلوانے کی بھیک مانگ رہے ہیں: احسن اقبال

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی والے امریکہ سے بھیک مانگ رہے ہیں کہ ہمارے لیڈر کو این آر او دلوادو۔

احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے نامزد وزیراعظم شہبازشریف کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں، ہم نے کسی قسم کا عمر ایوب پر اعتراض نہیں اٹھایا، ہر وہ رکن اسمبلی جس نے حلف اٹھایا ہو وہ وزارت عظمیٰ کا امیدوار ہوسکتا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ آٹھ فروری کے انتخابی نتائج کو تسلیم کرتے ہیں، پی ٹی آئی والے ہر الیکشن میں یہی رونا روتے ہیں کہ دھاندلی ہوئی، دو ہزار آٹھ میں بھی پنکچر تھیوری کو سامنے لائے، سپیکر نے پی ٹی آئی کے اعتراض کو مسترد کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی والے آئی ایم ایف سے بھی کہہ رہے ہیں این آر او دلوا دو، میں کہنا چاہتا ہوں کیا بانی پی ٹی آئی کو این آر او نہیں ملے؟ عدالتوں میں اپنی بے گناہی ثابت کریں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں