سینیٹ اجلاس کا ایجنڈا جاری، سوشل میڈیا پر پابندی کی قرار داد شامل

اسلام آباد: (دنیا نیوز) 4 مارچ کو ہونے والے سینیٹ اجلاس کا ایجنڈا جاری ہو گیا، فیس بک، ٹک ٹاک، انسٹا گرام، یوٹیوب اور ایکس پر پابندی کی بہرمند خان تنگی کی قرارداد ایجنڈا میں شامل ہے۔

بہرمند خان تنگی کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ملک کی نوجوان نسل پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہمارے مذہب ، ثقافت کے خلاف اصولوں کو فروغ دینے کیلئے استعمال ہو رہے ہیں۔

قرار داد میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز عوام میں مذہب اور زبان پر نفرت پیدا کرنے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے پاک فوج کے خلاف منفی اور بدینتی پر مبنی پروپیگنڈا کے ذریعے ملکی مفادات کے خلاف استعمال ہونے پر تشویش ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا پر پابندی عائد کرنے کی قرارداد سینیٹ میں جمع

بہرمند خان تنگی میں قرار داد میں کہا ہے کہ مفاد پرست عناصر یہ پلیٹ فارمز مختلف معاملات پر جھوٹی خبریں پھیلانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جعلی قیادت کو فروغ دے کر نوجوان نسل کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

قرار داد میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ حکومت پاکستان کو تجویز کرتا ہے کہ فیس بک، ٹک ٹاک ، انسٹا گرام، ایکس اور یوٹیوب پر پابندی لگائے، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی لگا کر نوجوان نسل کو ان کے منفی اور تباہ کن اثرات سے بچایا جائے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں