شہباز شریف پاکستان کے لئے خوشخبری ہیں: مریم اورنگزیب

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف پاکستان کے لئے خوشخبری ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ترقی کا جو سفر 2018 میں رک گیا تھا پھر سے شروع ہوگا، نوجونوان کے روزگار، کاروبار اور ترقی کا دور شروع ہوگا، ‎شہباز شریف نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا تھا، اب انشاءاللہ معیشت کو استحکام دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ‎پاکستان میں سیاسی و معاشی استحکام آئے گا، عوام کے مشکل حالات بہتر ہونگے، ‎ملک میں ایک بار پھر تعلیم، صحت، آئی ٹی، زراعت، صنعت، نوجوانوں کی ترقی کا سفر شروع ہو رہا ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ‎چار سال جس بے رحمی سے ملک کے تمام شعبوں کو برباد کیا گیا، ان کی بحالی اور تعمیر نو کا عمل شروع ہوگا، ‎شفافیت اور عوامی خدمت کا دور پھر سے شروع ہوگا۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ‎نوجوان کو لیپ ٹاپ، آئی ٹی میں ترقی، روزگار اور کھیل کے مواقع دینے کا دور پھر شروع ہو رہا ہے، ‎پاکستان کے خارجہ تعلقات میں بہتری اور اعتماد کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں