توشہ خانہ گاڑیوں کا ریفرنس: صدر آصف زرداری کیخلاف کارروائی روک دی گئی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں سے متعلق ریفرنس پر کارروائی روک دی گئی۔

آصف علی زرداری کی جانب سے وکیل فاروق ایچ نائیک اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے، فاروق ایچ نائیک نے آصف علی زرداری کے خلاف کارروائی روکنے کی درخواست دائر کی۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ قانون کے مطابق آصف علی زرداری کو صدارتی استثنیٰ حاصل ہے، آصف علی زرداری جب تک صدر مملکت ہیں ان کے خلاف کیس آگے نہیں چل سکتا۔

نیب کی جانب سے خواجہ منظور بطور پراسیکیوٹر پیش ہوئے، احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ریفرنس کی کارروائی روکنے کی درخواست منظور کرلی۔

احتساب عدالت نے کہا کہ آصف علی زرداری کے خلاف اس وقت تک ریفرنس آگے نہیں چل سکتا جب تک صدر مملکت کے عہدے پر فائز ہیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں