وزیر داخلہ محسن نقوی سے اطالوی سفیر کی ملاقات، انسانی سمگلنگ روکنے بارے گفتگو

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ محسن نقوی سے اٹلی کی سفیر میریلینا ارملین نے ملاقات کی، ملاقات میں انسانی سمگلنگ کے حوالے سے گفتگو کی، غیر قانونی طور پر اٹلی جانے والے پاکستانیوں کا داخلہ روکنے کے لئے جلد معاہدے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ انسانی سمگلنگ روکنے کے باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا، میلان اور اسلام آباد کو سسٹر سٹیز کا درجہ دینے کی تجویز پیش کی گئی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان بھر میں انسانی سمگلنگ کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے، انسانی سمگلنگ کے مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے، غیر قانونی اٹلی جانے والوں کو ناصرف جیل جانا پڑے گا بلکہ رقم بھی ضائع ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ روکنے کے لئے ایف آئی اے کو بھرپور کارروائی کا حکم دیا ہے، انسانی سمگلنگ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پاکستان سے اٹلی قانونی طور پر ہنر مند افرادی قوت بھیجی جائے گی۔

وزیر داخلہ نے پاکستان میں ذمہ داری سنبھالنے پر میریلینا ارملین کو مبارک دی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اٹلی کی سفیر نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کے اقدامات کو سراہا، اطالوی سفیر نے انسانی سمگلنگ روکنے کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا اور اٹلی کے سفارت خانے کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں