اسلام آباد: جمعیت کا غزہ مارچ، مظاہرین کی ریڈ زون داخلے کی کوشش پر پولیس سے جھڑپ

اسلام آباد:(دنیا نیوز) اسلامی جمعیت طلبا کے غزہ مارچ کے دوران ریڈ زون میں داخلے کی کوشش پر کارکنوں کی پولیس سے جھڑپ ہوئی، کارکنوں کو امریکی سفارتخانے جانے سے روک دیا گیا۔

وفاقی دارالحکومت میں اسلامی جمعیت طلبا کی جانب سے غزہ مارچ کا اہتمام کیا گیا، سینیٹر مشتاق احمد خان اور کاشف چودھری سمیت دیگر کی قیادت میں ریلی میں سینکڑوں کی تعداد میں طلبہ و طالبات و دیگر شریک ہوئے۔

سرینا چوک پر اسلامی جمعیت طلبا کے زیر اہتمام غزہ مارچ کے دوران پولیس نے ریلی کو امریکی سفارتخانے جانے سے روک دیا جبکہ کارکنان نے خاردار تاریں عبور کرلی، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے اور فلسطین کے حق میں نعرے بازی کررہے تھے۔

مظاہرین کا اصرار تھا کہ وہ ہر صورت امریکی سفارت خانے پہنچ کر احتجاج ریکارڈ کرائیں گے تاہم پولیس نے شرکاء کو امریکی سفارتخانے جانے سے روک دیا، پولیس کی جانب سے روکنے پر مظاہرین مشتعل ہوگئے اور شرکاء اور پولیس کے درمیان لڑائی اور دھکم پیل ہوئی جبکہ غزہ مارچ کے شرکاء خیابان سہروردی تک پہنچ گئے۔

پولیس اور انتظامیہ سے مظاہرین کے مذاکرات ناکام ہونے پر سرینا چوک کو بند کرکے وہاں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی، پولیس نے مظاہرین کو سرینا چوک اسلام آباد سے آگے جانے سے منع کیا تو کارکنان نے پولیس پر بوتلیں پھینکنا شروع کردی جبکہ کارکنان نے خاردار تاریں بھی عبور کرلی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں