مروت کا ایشو پارٹی کا اندرونی معاملہ ، بانی پی ٹی آئی جلد رہا ہونگے: بیرسٹر گوہر

راولپنڈی:(دنیا نیوز) مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ شیر افضل مروت کا ایشو پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے، بانی پی ٹی آئی جلد رہا ہونگے۔

اڈیالہ جیل کے بابر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت کا کوئی ایشو نہیں ان کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا، شیر افضل مروت نے شو کاز نوٹس کا جواب دے دیا ہے ۔

انہوں نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر ملاقات پر سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے ہماری گاڑیاں روکی جاتی ہیں، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر اب بھی رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ایک ڈیڑھ مہینے کے اندر رہا ہوں گے ، عدلیہ کا ٹیسٹ ہے وہ بانی پی ٹی آئی کے کیسز پر کیا فیصلے دیتی ہے، ایک کیس میں ضمانت ہوچکی ہے اب دو کیسز رہتے ہیں، جن پر فیصلے آنا باقی ہیں۔

رہنما تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں غیر یقینی صورت حال ہے، الیکشنز میں ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا، ملک میں مہنگائی بڑھ رہی ہے اوردہشت گردی میں بھی اضافہ ہوا ہے ،اللہ تعالیٰ اس ملک و قوم پر اپنا رحم فرمائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں