سندھ اسمبلی کا اجلاس: شرجیل میمن اور صابر قائم خانی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزیر شرجیل میمن اور ایم کیوایم کے صابر قائم خانی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ آپ کس رول کے تحت بات کرنا چاہتے ہیں، صابر قائم خانی نے کہا کہ مجھے کتاب دیں میں رول نمبر بتا دیتا ہوں، جماعت اسلامی کے محمد فاروق کی قرارداد میں کے الیکٹرک کا ذکر ہے انکا حق کیوں مارا جا رہا ہے؟

صابر قائم خانی نے مزید کہا کہ حکومتی قرارداد میں حیسکو کا ذکر ہے، یہ ہاؤس قانون کے حساب سے چلنا ہے، اس طرح نہیں چل سکتا ہے، ایک قرارداد ابھی پاس نہیں ہوئی، اگلی قرارداد کیسے پیش کی جاسکتی ہے، سب ممبران کا اختیار ہے لیکن ہاؤس میری یا کسی اور کی مرضی سے نہیں چلنا ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ قرارداد پر دونوں طرف کوئی اختلاف نہیں، کے الیکٹرک کا نام شامل نہیں تھا، وہ شامل کرلیا گیا ہے، تکنیکی طور پر محمد فاروق کی قرارداد نہیں آسکے گی۔

ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ سب کو موقع دیا ہے بات کرنے کا آپ اس قرارداد پر بات کرلیں کس نے منع کیا ہے، ایجنڈا میں نے نہیں جاری کیا، تقریر کے دوران قرارداد میں ترمیم نہیں آتی، حیسکو پر بات کرلیتا ہوں لیکن یقین دہانی کروائیں کے الیکٹرک کی میری قرارداد پر بات ہو گی۔

جماعت اسلامی کے محمد فاروق تقریر کے لئے راضی ہوگئے، انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے برقی دہشتگردی ہو رہی ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں