بشکیک سے کتنے طالب علم وطن واپس پہنچے، اعداد و شمار جاری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بشکیک سے پاکستانی طالب علموں کو ایمرجنسی حالات میں اپنے وطن لانے کے لیے پی آئی اے نے گزشتہ 4 دنوں میں 8 خصوصی پروازیں آپریٹ کیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق ان پروازوں کے ذریعے تقریباً 1368 طالب علم بحفاظت اپنے وطن پہنچ چکے ہیں، پی آئی اے کے آپریشن میں بشکیک کے لیے مزید 2 خصوصی پروازیں بھی شامل ہیں۔

ایک پرواز آج رات 12 بجے لاہور سے، دوسری پرواز کل صبح 8 بجے اسلام آباد سے روانہ ہوگی، ان دونوں پروازوں کے ذریعے مزید 348 طالب علم وطن پہنچیں گے۔

ترجمان کے مطابق پروازیں اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں کیلئے آپریٹ ہوں گی، قومی ایئر لائن حکومت پاکستان کی ہدایات اور ضروریات کے مطابق پروازیں چلا رہی ہے۔

پی آئی اے ترجمان کے مطابق ضرورت پڑنے پر مزید پروازوں کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، ہنگامی حالات میں اپنے ہم وطنوں کی مدد کرنا پی آئی اے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں