فارم 47 والی حکومت مخصوص نشستوں سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے: پی ٹی آئی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ فارم 47 والی حکومت مخصوص نشستوں سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے، سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کی حیثیت کو تسلیم کیا، پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی اور سینئر رہنماؤں عمر ایوب، شبلی فراز نے پریس کانفرنس کی، اس موقع پر بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ فارم 47 والی حکومت مخصوص نشستوں سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے، ہماری مخصوص نشستوں کو روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مہنگائی سے توجہ ہٹانے کے لیے آج پریس کانفرنس کی گئی، پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں، سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کی حیثیت کو تسلیم کیا، عطا تارڑ کی پریس کانفرنس ان کی خواہش ہوسکتی ہے۔

عمر ایوب

سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب نے کہا کہ مری میں تین دنوں سے کھچڑی پک رہی تھی، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم نے جمہوری لبادہ اوڑھا ہوا ہے، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم واضح کرے کہ وہ سول مارشل لا کے ساتھ کھڑے ہیں یا نہیں۔

عمر ایوب نے کہا کہ اس وقت مہنگائی عروج پر ہے، تحریک انصاف کی حکومت میں بجلی کا ریٹ 17 روپے فی یونٹ تھا، آج بجلی کا فی یونٹ ریٹ 85 روپےتک پہنچ چکا ہے، مرغی کا فی کلو گوشت 500 روپے سے زائد ہوچکا ہے، آنے والے دنوں میں مزید مہنگائی بڑھے گی۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے توجہ ہٹانے کے لیے نوازشریف، شہباز شریف، مریم نواز نے کھچڑی پکائی، مسلم لیگ (ن) نے سپریم کورٹ پر دھاوا بولا تھا آج بھی یہی چاہتے ہیں، ہم ملک میں جمہوریت چاہتے ہیں سول مارشل لا نہیں۔

عمر ایوب نے کہا کہ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے ای وی ایم کو رد کیا تھا، اب انہوں نے فون ٹیپ کرنے کی اجازت دیدی ہے، عطا تارڑ کی پریس کانفرنس سپریم کورٹ کے فیصلے کی کھلی خلاف ورزی ہے، مسلم لیگ (ن) کا ذہن ڈکٹیٹر کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت اگر کوئی نیشنل سکیورٹی تھریٹ ہے تو (ن) لیگ ہے، بانی پی ٹی آئی کے خلاف گھٹیا کیسز جلد ختم ہوجائیں گے، ورکرز پُرامن رہیں جیت انشااللہ پی ٹی آئی کی ہوگی۔

شبلی فراز

پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے کہا کہ آج کٹھ پتلی حکومت کے وزیراطلاعات نے پریس کانفرنس کی، بانی پی ٹی آئی ملک کے سب سے بڑے مقبول لیڈر ہیں، مسلم لیگ (ن) کا ٹریک ریکارڈ کرپشن اور ملک دشمنی کا طریقہ کار رہا ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے تحریک انصاف کو سیاسی منظرنامے سے ہٹانے کے لیے تمام حربے استعمال کرلیے، اب الیکشن ٹریبونل کو مینج کیا جا رہا ہے، مسلم لیگ ن نے سیاست کا لبادہ اوڑھا ہے مگر کریمنل، ڈکٹیٹر ہیں، کٹھ پتلی حکومت کے وزیراطلاعات کی پریس کانفرنس’’چھوٹا منہ بڑی بات‘‘ تھی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ فکس میچ کھیلنے کی عادی تھی، یہ دوسری جماعتیں ہمارا سیاسی مقابلہ نہیں کر سکتیں، آج کی پریس کانفرنس ایک پولیٹیکل سرنڈر تھا، بانی پی ٹی آئی چاہتے تو ان کی طرح ڈیل کر کے باہر جاسکتے تھے، بانی پی ٹی آئی کا جینا مرنا پاکستان میں ہے، عمران خان آئین وقانون کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ یہ اب وکٹیں اٹھا کر بھاگ رہے ہیں، تحریک انصاف پر پابندی لگانا کوئی بچوں کا کھیل نہیں ہے، عطا تارڑ کا پتا نہیں پورا نام کیا ہے، عطا تارڑ کو اتنی بڑی باتیں نہیں کرنی چاہئیں، حکومتی اقدامات سے ملک میں استحکام نہیں آئے گا۔

سینئر پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بشریٰ بی بی سے کل بدتمیزی کی گئی، ایسےاقدامات سے آپ لوگوں کا قد مزید نیچا ہوگا، ہم اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے، ہم ملک میں سیاسی استحکام چاہتے ہیں، سیاسی استحکام ہوگا تو ملک میں سرمایہ کاری آئے گی۔

شبلی فراز نے مزید کہا کہ ملک کے نوجوان اس وقت بیرون ملک جا رہے ہیں، ہمیں ملک کو بہتر کرنا ہوگا، عوام کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں