حکومت کا فیصلہ غیر جمہوری، معاشی صورتحال مزید گھمبیر ہونے کا اندیشہ ہے: آفتاب شیر پاؤ

پشاور: (دنیا نیوز) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے پی ٹی آئی پر پابندی کے حوالے سے خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے غیر سیاسی اور غیرجمہوری رویہ قرار دیا۔

آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کی نظر میں اس قسم کے اقدامات سے ملک نہ صرف سیاسی عدم استحکام کا شکار ہوجائے گا بلکہ اس کی معاشی صورتحال مزید گھمبیر ہونے کا بھی اندیشہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کے فیصلے سے ملک میں سیاسی افراتفری پھیلے گی جو ملک و قوم کیلئے نقصان دہ ہوگی، جلد بازی میں کئے گئے فیصلوں کے مثبت نتائج نہیں نکلتے، سیاسی مخالفت سیاسی میدان تک محدود رہنی چاہئے اور کسی ایک سیاسی جماعت کو دیوار کے ساتھ لگانے کے منفی نتائج برآمد ہوں گے۔

آفتاب شیرپاؤ نے مزید کہا کہ حکمران ملک کے معاشی بحران، امن و امان کی صورتحال، عوامی مسائل و مشکلات کے حل اور اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں