200 یونٹ تک ریلیف دینے کیلئے ترقیاتی بجٹ سے 50 ارب کی کٹوتی کی: رانا تنویر حسین

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ سے 50 ارب روپے کی کٹوتی 200 یونٹ تک کے صارفین کو ریلیف دینے کیلئے کی ہے۔

وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کیلئے کمیٹیاں بنائی ہیں۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ صنعتوں کو بھی 10 روپے فی یونٹ کا ریلیف دیا گیا، آنے والے دنوں میں عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف ملے گا مگر وقت لگے گا، آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر بات چیت ہو رہی ہے، گیس اور دیگر توانائی پر چلنے والے منصوبوں پر کوئلے پر منتقل کرنے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔

وزیر صنعت نے کہا کہ وزیر اعظم نے دورہ چین کے دوران چینی صدر سے اس ضمن میں بات کی تھی، بجلی گھروں کے کوئلے پر منتقل ہونے سے پیداواری لاگت میں کمی آئے گی، آج کابینہ کے اجلاس میں پی ٹی آئی اور بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے غور نہیں ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے خود اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے کارکنوں کو جی ایچ کیو بھیجا، وہ جو مان ہی نہیں رہے تھے کہ یہ انہوں نے نہیں کرایا کسی اور نے کیا مگر اب مان گئے، وہ کہتا ہے کہ میں نے تو کہا تھا جی ایچ کیو کے آگے پرامن احتجاج کریں۔

رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ اعتراف یہی ہوتا ہے کہ میں گھر تک گیا تھا میں نے کچھ نہیں کیا، بانی پی ٹی آئی نے جس طرح کارکنوں کی برین واشنگ کی تھی وہ سامنے ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ مجھے گرفتار کیا تو اس کا ردعمل ایسا ہوگا کہ آپ دیکھ نہیں سکیں گے۔
 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں