کراچی: خوفناک ٹریفک حادثے میں 2 افراد جاں بحق، 5 زخمی
کراچی: (دنیا نیوز) ڈیفنس موڑ کے قریب تیز رفتار ٹرک نے کار اور موٹر سائیکلوں کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پرپہنچ گئیں، دلخراش حادثہ دیکھ کر لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہوگئی، جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں سے ایک کی شناخت 34 سالہ اویس کے نام سے کی گئی جبکہ دوسرے متوفی کی شناخت کے حوالے سے کوششیں کی جا رہی ہیں جس کی عمر 60 کے قریب بتائی جاتی ہے جبکہ زخمیوں میں 55 سالہ اصغر ، 30 سالہ آمنہ ، 30 سالہ حیدر ، 40 سالہ عادل اور 22 سالہ اسرار شامل ہیں جنھیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
ایس ایچ او ڈیفنس نسپکٹر غلام نبی آفریدی نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد موٹر سائیکل سوار تھے جبکہ کار میں سوار ڈرائیور معجزانہ طور پر محفوظ رہا، ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔