190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت مسلسل آٹھویں مرتبہ بغیرکارروائی 23 اگست تک ملتوی

راولپنڈی : (دنیانیوز) احتساب عدالت میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت مسلسل آٹھویں مرتبہ بغیر کارروائی کے 23 اگست تک ملتوی کردی گئی ۔

ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی ، بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا ، عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر عدالت میں پیش ہوئے۔

بیرسٹر علی ظفر نے عدالت کو بتایا کہ ہمارے کونسل اسلام آباد ہائی کورٹ میں مصروف ہیں، جس پر نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے کہا کہ وکلاء صفائی آج آٹھویں مرتبہ تفتیشی افسر پر جرح نہیں کررہے، وکلاء صفائی تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں۔

سردار مظفر عباسی نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹرائل جاری رکھنے کا حکم دیا ہے، تین مرتبہ اگر گواہ پر جرح نہ ہو تو حق دفاع ختم ہو جاتا ہے،ہم نے تاحال حق دفاع ختم کرنے کی درخواست نہیں کی، عدالت وکلاء صفائی کو پابند کرے کہ وہ تفتیشی افسر پر اپنی جرح مکمل کریں۔

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلاء کی عدم دستیابی کے باعث سماعت ملتوی کردی گئی جبکہ نیب کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر آج بھی جرح نہ ہوسکی۔

بعدازاں عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد سماعت 23 اگست تک ملتوی کردی ۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں