سمگلنگ کے مکمل خاتمے کیلئے تمام ادارے کوششیں تیز کریں: وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سمگلنگ کے ناسور کے ملک سے مکمل خاتمے کےلیے تمام ادارے اپنی کوششیں تیز کریں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سمگلنگ کی روک تھام سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی اور اجلاس میں سمگلنگ کی روک تھام اور اب تک کے نتائج پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سمگلرز، ان کے سہولت کاروں اور سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیاں ضبط کر کے کاروائی کی جائے، سمگلنگ میں ملوث افراد کو پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچانے نہیں دیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سمگلنگ کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا، خوش آئندہ امر ہے کہ متعلقہ اداروں کی کارروائیوں کے نتیجے میں سمگلنگ میں کمی واقع ہوئی ہے، ایف بی آر، وزارت داخلہ اور دیگر ادارے آپس میں تعاون مزید بہتر کریں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ سرحدی علاقوں میں لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی پیش کی جائے، سمگلنگ کے ناسور کے ملک سے مکمل خاتمے کے لیے تمام ادارے اپنی کوششیں تیزکریں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں