شہرقائد میں بادلوں کے ڈیرے ، محکمہ موسمیات کی مزید بارشوں کی پیشگوئی

کراچی: (رطابہ عروس ) شہر قائد کراچی میں صبح سویرے بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس ،کلفٹن ، سکیم 33، یونیورسٹی روڈ، گلستان جوہر، شاہراہ فیصل، پی ای سی ایچ ایس میں بوندا باندی ہوئی ، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، ہوا میں نمی کا تناسب 92 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بھی وقفے وقفے سے درمیانی سے تیز شدت کی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کاکہنا ہے کہ یہ مضبوط سسٹم ڈیپ ڈپریشن کی شکل میں موجود ہے، ڈیپ ڈپریشن کے نتیجے میں 28 سے 33 ناٹیکل مائل کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں، اس کے زیر اثر آج سے 30 اگست تک زیادہ موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔

سردار سرفراز نے مزید کہا کہ طاقتور مون سون ہواؤں کا سسٹم کراچی سمیت سندھ بھر میں طوفانی بارشوں کا سبب بنے گا، کراچی میں 150 تا 200 ملی میٹر بارش کا امکان ہے جبکہ زیریں سندھ میں موسلا دھار بارش متوقع ہے ، ٹھٹھہ، بدین میں بھی 300 تا 400 ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کاکہنا ہے کہ جوں جوں سسٹم قریب آئے گا بارش میں شدت آئے گی، کراچی سمیت سندھ کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے ۔

کراچی میں کل سے اب تک کہاں کتنی بارش ہوئی؟

دوسری جانب کراچی میں کل سے اب تک ہونیوالی بارش کے اعداوشمار محکمہ موسمیات نے جاری کردئیے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 62 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، بن قاسم میں 44.2 ملی میٹر ، سرجانی میں 19، کورنگی میں 18.2، یونیورسٹی روڈ پر 16.7 ملی میٹر بارش ہوئی۔

کیماڑی میں 14.5، ڈی ایچ اے فیز ٹو میں 13.4، جناح ٹرمینل 12.8 ، شاہراہ فیصل پر 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ، قائد آباد میں 11،گلشن معمار میں10.4 ،گڈاپ میں 10.1 ،صدر اور ماڑی پور میں 10 ملی میٹر بارش ہوئی۔

نارتھ کراچی میں 8.4 اور ناظم آباد میں 7.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ سب سے کم بارش اورنگی ٹاؤن میں 5.4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں