پولیس حکام اور قانونی ماہرین کی مشاوت سے خیبرپختونخوا پولیس ایکٹ 2024 کا نیا ڈرافٹ تیار

پشاور: (دنیا نیوز) مجوزہ پولیس ترمیمی ایکٹ 2024 پر پولیس افسران کے تحفظات کے بعد نیا ڈرافٹ تیار کر لیا گیا، نیا ڈرافٹ پولیس حکام اور قانونی ماہرین کی مشاورت سے تیار کیا گیا۔

خیبر پختونخوا پولیس ایکٹ 2024 کا نیا ڈرافٹ دنیا نیوز کو موصول ہو گیا، ڈرافٹ کے متن کے مطابق پولیس ایکٹ سیکشن 9 کے تحت وزیراعلیٰ سے اختیار واپس لے لیا گیا، آر پی اوز ڈی پی اوز کی تقرریاں اور تبادلے سمری کے ذریعے کئے جائینگے۔

ڈرافٹ کے مطابق ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز و انٹرنل پوسٹنگ ٹرانسفر آئی جی پی کا اختیار ہوگا، پبلک سروس کمیشن میں ایم این ایز اور ایم پی ایز بھی شامل ہونگے جس سے عوام کو ریلیف ملے گا، بل میں پبلک سیفٹی کمیشن میں تعداد 3 سے بڑھا کر 5 جبکہ دورانیہ 3 سے 4 سال کر دیا۔

متن کے مطابق سیفٹی کمیشن کے آزاد ممبر کو حکومت نامزد کرے گی، باقی ممبران پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین اور صوبائی محتسب نامزد کریں گے، کمپلینٹ اتھارٹی سینٹر کی بجائے اب ریجنل سطح پر ہونگے، کمپلینٹ اتھارٹی سینٹر کے 5 ممبران ہوں گے۔

نئے ڈرافٹ کے مطابق پولیس انویسٹی گیشن کو دوبارہ بحال کر دیا گیا جبکہ آپریشن کا پورا سسٹم پہلے کی طرح پولیس کے ماتحت ہوگا، نئے بل کو دوبارہ کابینہ سے منظوری کے بعد ایوان میں پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بیوروکریسی کے ذریعے تقرری اور تبادلوں پر پولیس حکام نے تحفظات کا اظہار کیا تھا، پولیس حکام نے وزیراعلیٰ اور سپیکر کے پی اسمبلی کو بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

وزیراعلیٰ، سپیکر اسمبلی نے پولیس افسران کے شدید ردعمل کے باعث ترامیمی بل مشاورت سے پاس کرانے پر اتفاق کیا تھا، وزیراعلیٰ سمیت سپیکر صوبائی اسمبلی نے ملاقات میں پولیس افسران کے تحفظات ختم کرنے یقین دہانی کرائی تھی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں