ایس سی او کے کامیاب اجلاس سے پاکستان کےتشخص میں اضافہ ہوا: عطا تارڑ

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ایس سی اواجلاس کےکامیاب انعقاد سےپاکستان کےتشخص میں اضافہ ہوا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ معززمہمانوں نےپاکستان کی شاندارمیزبانی کوسراہا، ایس سی او کے کامیاب انعقاد سے پاکستان اورعوام کومستقبل میں بہت فائدہ ہوگا۔

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ ایس سی او کانفرنس کے انعقاد سے پاکستان کی ساکھ عالمی سطح پر بحال ہوئی ہے اور اب ملک ترقی کرے گا، 27 سال بعد ایسی کانفرنس کا ہونا پاکستان کے لیے اعزاز ہے، سرمایہ کاری اور تجارت کے لیے مختلف ممالک سے بات ہوئی ہے۔

ان کا آئینی ترامیم کے حوالے سے کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے اگر کسی پارلیمنٹیرین کے جان و مال کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو ریاست نشان عبرت بنا دے گی، ایک جماعت کی طرف سے پیغام گردش کررہا ہے، لیکن میں واضح کرتا چلوں کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے مزید کہا کہ آکسفورڈ کے چانسلر کے الیکشن کے لیے امیدواروں کی فہرست جاری ہوئی ہے جس میں عمران خان کا نام شامل نہیں، آکسفورڈ کی طرف سے درست فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ جس شخص پر کیسز چل رہے ہوں اس کو چانسلر کا امیدوار نہیں ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ حکومت کل مجوزہ آئینی ترمیم کا مسودہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جبکہ تحریک انصاف کو خدشہ ہے کہ ان کے ارکان پارلیمنٹ آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دے سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں