عدلیہ کوغلام نہیں بننےدیں گے، گنڈا پور کا تحریک چلانے کا اعلان

پشاور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ اپنی عدلیہ کوغلام نہیں بننےدیں گے بھرپور تحریک چلائیں گے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی کی جنگ میں فتح حاصل کرنےتک چین سےنہیں بیٹھیں گے،غرورکا پہاڑہم توڑیں گے، اللہ ہمارا ساتھ دے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے غیرآئینی ترمیم کرکےاپنی مرضی کا جج لگانےکا پروگرام بنایا ہے، ہم اپنی عدلیہ کوغلام نہیں بننےدیں گے، ہم تحریک چلائیں گےاورمارچ بھی کریں گے، اب کلمےکا نعرہ لگےگا،عوام نکلیں گے۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ کل رات کوترمیم پاس کرکےڈکیتی کی گئی، حکومت نےآزاد عدلیہ پرحملہ کیا ہے،ظلم، فرعونیت کے خلاف باہرنکل کر آزادی لیں گے، وقت قریب ہے دوہی راستے ہیں ، ’’ڈواورڈائی‘‘،یہ نظریےحق اورسچ کی جنگ ہے، اب یہ جنگ جہاد کی شکل اختیارکرچکی ہے۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ جب مرضی کےبندوں سےفیصلےکرائیں گےتوادارے ترقی نہیں کرسکیں گے، غلط پالیسیوں کی وجہ سےپاکستان تنزلی کا شکار ہوا ہے، ایسی ترمیم سے چند اشرافیہ کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ غیرآئینی ترمیم ہے، جب عوام ہمیں مینڈیٹ دے گی تو ایسی ترمیم کو ختم کریں گے، وہ ترامیم لائیں گے جس سےعوام کو فائدہ ہو،جنہوں نے ترمیم کے حق میں ووٹ دیا اس کو نہیں چھوڑیں گے، غدار،غدارہےجومجبورتھا وہ استعفیٰ دے دیتا، جنہوں نےاپنی وفاداریاں بدلی ان کو بھی معاف نہیں کیا جائے گا۔

علی امین گنڈا پور کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس نے بےشمار قربانیاں دیں، پولیس اہلکاروں کے مسائل کو بھی حل کریں گے، ہم سب ملکرصوبے کےامن کے لیے کام کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں