ملکی نوجوانوں کو خدمت اور سیاست کے محاذ پر کام کرنا ہے: حافظ نعیم الرحمان
کراچی :(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے ملکی نوجوانوں کو خدمت اور سیاست کے محاذ پر کام کرنا ہے۔
کراچی میں الخدمت فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے آئی ٹی کورس مکمل کرنے والے نوجوانوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی سکلز حاصل کرنے کے لیے مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان میں آئی ٹی کا بہت پوٹینشل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں خزانے موجود ہیں، لیکن چند لوگ خزانوں پر ناگ بن کر بیٹھ گئے ہیں، چند لوگوں نے کروڑوں عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے، ہمیں خدمت اور سیاست کے 2 محاذوں پر کام کرنا ہے، الخدمت و جماعتِ اسلامی کے پلیٹ فارم سے گزشتہ سال 50 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات پاس ہوچکے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں! آپ آئی ٹی کورسز کرنے کے بعد دوسروں کو بھی سکھائیں، آئی ٹی کورسز کرنے کے بعد جو ڈگری کورس کرنا چاہے گا اسے ہم فری آف کاسٹ ڈگری کورس کروائیں گے، کورس مکمل کرنے کے بعد ہم آپ کے روزگار کے انتظامات بھی کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے بڑے شہروں، لاہور ملتان سمیت دیگر شہریوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ آفیسز بنانے جارہے ہیں، الخدمت ایک این جی او ہے جس کے تحت اتنا بڑا پروگرام منعقد کیا جارہا ہے، 7 نومبر کو پورے پاکستان کو پڑھانے کے لیے لاہور میں بہت بڑا پروگرام کرنے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 25 کروڑ افراد رہتے ہیں، 80 فیصد لوگ 40 سال افراد پر مشتمل ہے، ہمارے ملک میں خزانے بے شمار ہیں اور ٹیلنٹ بھی موجود ہے، ایک راستہ خدمت کا اور دوسرا راستہ سیاست کا ہے، سیاستدان تھوڑے سے ہیں لیکن پاکستانیوں کے ہزاروں اربوں روپے پر قبضہ کیا ہوا ہے۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے ساتھ ظالمانہ معاہدہ کرنے والوں نے ہمارے پیسوں پر ڈاکہ ڈالا، پاکستان کو قبضہ مافیا سے آزاد کروائیں گے، پاکستان کے خلاف خاص پروپیگنڈا کرکے مایوس کیا جارہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ جتنی محنت ہمارا نوجوان ملک سے باہر کرتا ہے اس کی آدھی محنت پاکستان میں کریں تو ملک بہت آگے بڑھے گا، نوجوان ملک پر قبضہ مافیا سے جان چھڑانے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔