سکیورٹی فورسز کی 2 مختلف کارروائیوں میں 12 خوارج جہنم واصل، 6 زخمی

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 2 مختلف کارروائیوں میں 12 خوارج جہنم واصل کر دیئے جبکہ 6 زخمی ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا، سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں گھیرا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 خوارج ہلاک جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں مزید کسی دہشت گرد کے خاتمے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع کیچ کے علاقے بلگتر میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیا جہاں فورسز کو گزشتہ روز دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔

آپریشن 12 اور 13 نومبر کی درمیانی شب کیا گیا، شدید جھڑپ کے دوران انتہائی مطلوب دہشت گرد سمیت 4 ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں کا سرغنہ ثنا عرف بارو بھی مارا گیا، ثنا عرف بارو مجید بریگیڈ کیلئے خودکش بمباروں کی بھرتی کا ایجنٹ تھا۔

اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا ہے، دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے مزید کسی دہشتگرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں