گرفتار صحافی مطیع اللہ جان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
اسلام آباد: (دنیا نیوز) گرفتار صحافی مطیع اللہ جان کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کر دیا گیا، عدالت نے گرفتار صحافی مطیع اللہ جان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہرعباس سِپرا نے محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا، جس کے مطابق ان کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا گیا، پراسیکیوٹر کی جانب سے 30 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔
پراسیکیوٹر راجہ نوید عدالت میں پیش ہوئے جبکہ مطیع اللہ جان کی جانب سے ایڈووکیٹ فیصل چوہدری پیش ہوئے، وکیل فیصل چوہدری نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں تھوڑا وقت دیا جائے مشاورت کرنی ہے۔
عدالت نے مطیع اللہ جان کے 30 دن ریمانڈ کی استدعا پر فریقین کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔
واضح رہے کہ صحافی مطیع اللہ جان پر پولیس کو تشدد کا نشانہ بنانے، اسلحہ چھیننے اور منشیات رکھنے کا الزام ہے، گزشتہ رات اسلام اباد پولیس نے صحافی مطیع اللہ جان کو کو ای نائن چیک پوسٹ سے گرفتار کیا۔
ایف آئی آر متن کے مطابق مطیع اللہ کی گاڑی کو رات اسلام آباد ناکے پر رکنےکا اشارہ کیا، گاڑی کی ٹکر سے ڈیوٹی پر مامور کانسٹیبل مدثر زخمی ہو گئے، مطیع اللہ جان نے سرکاری اسلحہ چھین کر جوان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم نشے میں تھا، ملزم کی گاڑی سے آئس بھی برآمد ہوئی ہے، ملزم کو پولیس سٹیشن مارگلہ منتقل کر دیا گیا ہے۔