سپارکو نے محرم الحرام کے چاند سے متعلق پیشگوئی کردی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کے قومی خلائی ادارے سپارکو نے محرم الحرام 1447 ہجری کے چاند سے متعلق اپنی پیشگوئی کر دی۔

ترجمان سپارکو کے مطابق ہلال کی پیدائش 25 جون 2025 کو سہ پہر 3 بج کر 32 منٹ پر متوقع ہے جبکہ 26 جون کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 28 گھنٹے اور 15 منٹ ہوگی۔

ترجمان نے بتایا کہ ملک کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور چاند کے غروب ہونے کے درمیان وقفہ 75 منٹ ہوگا، جو چاند کی رویت کے لیے موزوں ترین حالات فراہم کرے گا۔

فلکیاتی عوامل کے مطابق اگر 26 جون کی شام موسم صاف رہا تو چاند نظر آنے کے امکانات بہت زیادہ ہیں، اس پیشگوئی کی روشنی میں یکم محرم الحرام 1447 ہجری 27 جون 2025 بروز جمعہ ہونے کا امکان ہے۔

محرم کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 26 جون کی شام کوئٹہ میں طلب کیا گیا ہے جو ڈی سی آفس کوئٹہ میں منعقد ہوگا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں