کوئی بھی جمہوری قیادت تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار نہیں: اختیار ولی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات اور امورِ خیبر پختونخوا اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے تمام دروازے بند ہو چکے، کوئی بھی جمہوری قیادت تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار نہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران اختیار ولی کا پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بانی اور پاکستان کے عشق میں واضح لکیر کھینچ دی گئی، پی ٹی آئی ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، احتجاج کے نام پر فتنہ فساد پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو سیاست کیلئے نعشیں چاہئیں، انہیں خون چاہیے، اڈیالہ کے باہر احتجاج کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی، یہ لوگ چاہتے ہیں اڈیالہ کے قیدی کو کسی اور صوبے میں منتقل کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں سمگلروں نے تحریک انصاف کی چھتری تلے پناہ لے رکھی، خیبرپختونخوا حکومت دہشت گردوں کی سہولت کار بنی ہوئی ہے، خیبرپختونخوا حکومت نے سیاست کیلئے مذہب کا استعمال کیا ہے، جبکہ صوبے میں منشیات کا کاروبار بھی بڑھے پیمانے پر جاری ہے۔
اختیار ولی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے اپنے ضلع میں پوست، بھنگ، چرس اور آئس کا کاروبار ہے، سہیل آفریدی کے رشتہ دار منشیات کے کاروبار میں ملوث ہیں، یہ سرپرستی کرتے ہیں، 13 سال میں خیبرپختونخوا میں ایک یونیورسٹی اور ہسپتال تک نہیں بنایا گیا۔
انہوں نے پاکستان کی خارجہ پالیسی سے متعلق بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک مشکل وقت میں ایران اور قطر کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔