ہنگو میں انسداد پولیو ٹیم کے پولیس سکواڈ پر حملہ، ایک اہلکار شہید، 4 زخمی

ہنگو: (دنیا نیوز) ہنگو میں شرپسندوں نے انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس سکواڈ پر حملہ کر دیا جس سے ایک اہلکار شہید جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔

پولیس حکام کے مطابق ہنگو کے علاقے چھپری وزیران کے قریب پولیس ٹیم پر حملہ ہوا، فائرنگ کا تبادلہ ہوا، مزید نفری طلب کی گئی، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

حکام نے بتایا کہ ٹل پولیس سٹیشن کے علاقے چھپری وزیران کے قریب پیش آنے والے واقعہ میں اسرار الحق شہید ہوا جس کا تعلق شانگلہ سے ہے اور وہ پی ٹی سی مین انٹرمیڈیٹ کورس کر رہا تھا۔

پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ زخمیوں کو مقامی ہسپتال میں علاج کی سہولت فراہم کی گئی ہے، پولیس نے تمام علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے انسداد پولیو ٹیم کے سکواڈ پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکار کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

گورنر نے فائرنگ سے زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ انسداد پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، یہ دہشتگرد ہمارے بچوں کےمحفوظ مستقبل کے دشمن ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ قومی فریضے پر مامور اہلکاروں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ فعل ہے، دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں