کراچی میں کیمسٹری کا پرچہ امتحان سے قبل لیک، تعلیمی نظام پر سنگین سوالات

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں میٹرک امتحانات کے دوران نویں جماعت کا کیمسٹری کا پرچہ امتحان شروع ہونے سے قبل ہی سوشل میڈیا پر لیک ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق کیمسٹری کا پرچہ مختلف سوشل میڈیا گروپس میں امتحان سے پہلے ہی گردش کرتا رہا، جس سے نقل مافیا کی سرگرمیوں اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر تشویش بڑھ گئی ہے، طلبہ اور والدین کی جانب سے اس صورتحال پر شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پرچہ لیک ہونے کے باعث محنت کرنے والے طلبہ سخت پریشانی کا شکار ہیں، جبکہ امتحانی نظام کی ساکھ بھی متاثر ہو رہی ہے، کئی طلبہ نے اس واقعے کو اپنی حق تلفی قرار دیتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

ادھر حکام کی جانب سے تاحال کوئی واضح مؤقف سامنے نہیں آیا، جس پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، شہریوں اور تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو ایسے واقعات تعلیمی نظام میں بدعنوانی کو مزید فروغ دے سکتے ہیں۔

ماہرین تعلیم نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں