کراچی: گٹر کی صفائی کے دوران دم گھٹنے سے 3 افراد جاں بحق
کراچی: (دنیا نیوز) گٹر کی صفائی کے دوران دم گھٹنے سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق سرجانی ٹاؤن سیکٹر 36 میں گٹر کی صفائی کے دوران ایک شخص کی حالت بگڑ گئی، جسے بچانے کے لیے مزید دو افراد گٹر میں اترے، تاہم زہریلی گیس کے باعث تینوں افراد بے ہوش ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور تینوں کو گٹر سے نکال لیا، تینوں افراد کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ 2 افراد راستے میں ہی دم توڑ گئے جبکہ تیسرا شخص ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا ۔
حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی، جبکہ لاشوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے جبکہ ریسکیو اور متعلقہ ادارے واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔