ریڈ کراس و ریڈ کریسنٹ کا عالمی دن انسانیت، اتحاد اور ہمدردی کا پیغام ہے: مریم نواز
لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ریڈ کراس و ریڈ کریسنٹ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں ریڈ کریسنٹ سے وابستہ رضاکاروں اور تمام متعلقہ افراد کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں تحریک کے شراکت داروں کو ان کی بے لوث خدمات پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ”United in Humanity“ کے عنوان سے منایا جانے والا ریڈ کریسنٹ ڈے انسانیت، اتحاد اور ہمدردی کی پائیدار طاقت کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات کے دوران ہلال احمر جیسی تنظیموں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جبکہ عوامی مسائل کے حل کے لیے حکومت ایک مضبوط، منظم اور جامع نظام کے قیام کے لیے پُرعزم ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ انسانیت کی خدمت کے لیے سماجی رضاکار صف اول میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ محفوظ، مضبوط اور فلاحی پاکستان کی تعمیر کے لیے اجتماعی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔