چیئرمین سینیٹ یوسف گیلانی کا قومی اتحاد، دفاع اور قربانیوں کو خراجِ تحسین
اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے آپریشن بنیان مرصوص کے ایک سال مکمل ہونے پر یومِ معرکہ حق کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ معرکۂ حق نے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر مکمل طور پر پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص دشمن کی جارحیت کے خلاف افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بھرپور جواب کا عملی ثبوت ہے، معرکہ حق صرف ایک عسکری کامیابی نہیں بلکہ پوری قوم کے اتحاد، ایمان اور غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی عظیم قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں، جبکہ افواجِ پاکستان نے ہر محاذ پر جرات، مہارت اور قربانی کی نئی مثال قائم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں، میڈیا، سفارتی محاذ پر سرگرم افراد، سائنسدانوں اور انجینیئرز نے قومی بیانیے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا، قومی یکجہتی ہی پاکستان کی اصل طاقت ہے اور ایک متحد قوم ہی ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتی ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت کی بصیرت اور عوام کے اعتماد نے پاکستان کو ہر آزمائش میں سرخرو کیا، پاکستان امن کو ترجیح دیتا ہے تاہم اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم آج اس بات کی تجدید کرے کہ پاکستان کو ایک مضبوط، مستحکم اور باوقار ریاست بنانے کے لیے ہم سب متحد رہیں گے۔