بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی:9 دہشت گردوں ہلاک، 4 سی ٹی ڈی اہلکار شہید
کوئٹہ :(دنیا نیوز) بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق نواحی علاقے پنجپائی اور نوحصار میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کی جس کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے تبادلے میں 9 شرپسند مارے گئے اور 4 سی ٹی ڈی اہلکار شہید ہو گئے جب کہ 6 اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، جس کا مقصد علاقے میں موجود دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنا تھا،علاقے میں سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔
محسن نقوی کا اظہار تعزیت
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سی ٹی ڈی بلوچستان کے 4 شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کے خاندانوں سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ بہادر سپوتوں نےجان قربان کرکے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، بھارتی اسپانسرڈ 9 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سی ٹی ڈی بلوچستان کو سلام پیش کرتے ہیں۔
سی ٹی ڈی بلوچستان کے شہید اہلکاروں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔