خیبر پختونخوا: غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی کافیصلہ
پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا حکومت نے غیر قانونی مقیم ملکیوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 13 ہزار افغان باشندوں کی شناخت کے لیے کارروائی کی جائے گی، غیر ملکیوں کی بے نامی جائیداد بھی ضبط کرنےکے حوالے سے ہوم ورک تیار کیا گیا ہے علاوہ ازیں غیر قانونی مقیم افغانوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کیا جائے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ جعلی پاکستانی شناختی کارڈ رکھنے والوں کے خلاف بھی ایکشن ہوگا ساتھ ہی ساتھ افغانوں کو سہولت فراہم کرنے والوں کی بھی نشاندہی کی جا رہی ہے جبکہ ایک لاکھ سے زائد مشتبہ افراد کی جانچ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مزید براں افغانوں کو کرائے پر رہائش دینے والوں کے خلاف کارروائی متوقع ہو گی، صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاہمافغان مہاجرین کے ریکارڈ کی دوبارہ جانچ شروع کی گئی ہے جس کے بعد غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر بھی نشانے پر ہیں۔
ذرائع کے مطابق سہولت کاروں کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی، بارڈر مینجمنٹ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی متحرک ہو گئے ہیں، جعلی دستاویزات پر پاکستانی شناخت حاصل کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ ہو گیا جبکہ افغان مہاجرین سے متعلق نئی کارروائیوں کا آغاز متوقع ہے۔