نواسہ رسولؐ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کا دن، یوم عاشور آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

لاہور: (دنیا نیوز) نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی کا دن، ملک بھرمیں آج یوم عاشورعقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

کراچی، لاہور، راولپنڈی، ملتان، سکھر، حیدرآباد، مظفر آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں 10 محرم الحرام کے جلوس نکالے جا رہے ہیں، جلوس کے ہمراہ روایتی علم، ذوالجناح اور تعزیے بھی ہیں۔

اس دن کی مناسبت سے خصوصی مجالس اور دینی محافل منعقد کی جا رہی جن میں علمائے کرام اور ذاکرین کی جانب سے امام حسینؓ کے پیغام اور ان کی قربانیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی جا رہی ہے۔

لاہور میں نثار حویلی سے برآمد ہونے والا شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیو ہوا، جلوس میں ہزاروں کی تعداد میں عزادار شریک ہیں۔

کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو امام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں کھارادر پر ختم ہوا، جلوس سے پہلے نشتر پارک میں مرکزی مجلس منعقد ہوئی۔

کوئٹہ میں عاشورہ کا جلوس امام بارگاہ حسینی سادات سید آباد علمدار روڈ سے برآمد ہوا جو شام مغربین کے بعد اختتام پذیر ہوگیا، کوئٹہ میں شبیہ ذوالجناح اور علم و تعزیوں کے کل 35 دستے شامل تھے جبکہ جلوس کے راستوں میں ناشتے، ٹھنڈے پانی، شربت کی سبیلیں جبکہ امدادی کیمپ بھی لگائے گئے تھے۔

یوم عاشور کی مناسبت سے ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، تمام اہم شہروں میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے، جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر خصوصی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔

ملک بھر میں جلوسوں کے روٹ پر غیر ضروری آمدورفت کو رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا گیا ہے جبکہ حساس علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس اور دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جس کے تحت اسلحے کی نمائش پر پابندی ہے۔

جلوسوں کے اختتام کے بعد شام غریباں کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ذاکرین واقعہ کربلا کے بعد پیش آنے والے حالات کو بیان کریں گے اور پھر عزادار غم حسین میں سینہ کوبی کے بعد گھروں کو روانہ ہو جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں