سرکاری خریداری تنازع: مکمل قانونی فورم موجود ہو تو انٹرا کورٹ اپیل نہیں ہو سکتی، لاہور ہائیکورٹ
لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے تحت سرکاری خریداری سے متعلق مقدمے میں اہم قانونی فیصلہ دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ پروکیورمنٹ قوانین کے تحت مکمل قانونی فورم موجود ہو تو انٹرا کورٹ اپیل دائر نہیں کی جا سکتی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چوہدری سلطان محمود اور جسٹس ملک محمد اویس خالد پر مشتمل دو رکنی بینچ نے نجی کمپنی کی جانب سے دائر انٹرا کورٹ اپیل پر سنایا۔
عدالت کے روبرو بتایا گیا کہ محکمہ صحت پنجاب نے مالی سال 2025-26 کے لیے طبی آلات، سرجیکل ڈسپوزایبل اشیاء، امپلانٹس اور سیوچرز کی خریداری کے لیے ای ٹینڈر جاری کیا تھا۔
ٹیکنیکل ایویلیوایشن کمیٹی نے جانچ پڑتال کے بعد بعض کمپنیوں کی بولیوں کو تکنیکی طور پر غیر موزوں قرار دیا، جس کے فیصلے کو گریوینس ریڈریسل کمیٹی نے بھی برقرار رکھا۔
جس کے بعد متعلقہ کمپنیوں نے پنجاب پروکیورمنٹ رولز 2014 کے رول 67-A کے تحت منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی سے رجوع کیا، جنہوں نے دونوں فورمز کے فیصلے کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں تکنیکی طور پر اہل قرار دیا اور خریداری کا عمل قانون کے مطابق آگے بڑھانے کی ہدایت کی۔
اس فیصلے کے خلاف دائر آئینی درخواست سنگل بینچ نے مسترد کر دی تھی، جس کے بعد درخواست گزار نے انٹرا کورٹ اپیل دائر کی۔
دو رکنی بینچ نے اپنے تفصیلی فیصلے میں قرار دیا کہ پنجاب پروکیورمنٹ رولز 2014 کے رول 67 اور رول 67-A کے تحت فراہم کردہ قانونی فورمز محض رسمی نہیں بلکہ مکمل قانونی اختیار رکھتے ہیں۔
یہ فورمز ٹیکنیکل ایویلیوایشن کمیٹی کے فیصلے کا ازسرنو جائزہ لے سکتے ہیں، اسے برقرار رکھ سکتے ہیں، تبدیل کر سکتے ہیں یا کالعدم قرار دے سکتے ہیں۔
عدالت نے قرار دیا کہ منیجنگ ڈائریکٹر پی پی آر اے کا فیصلہ اصل حکم نہیں بلکہ قانونی نظرثانی کے عمل کا حصہ ہے، اس لیے ایسے معاملات پر لاء ریفارمز آرڈیننس 1972 کے سیکشن 3(2)میں عائد پابندی لاگو ہوتی ہے اور انٹرا کورٹ اپیل برقرار نہیں رہتی۔
فیصلے میں سپریم کورٹ کے متعدد نظائر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ جب کسی خصوصی قانون کے تحت مکمل اپیل یا نظرثانی کا نظام موجود ہو تو اس کے بعد انٹرا کورٹ اپیل کا حق باقی نہیں رہتا، الا یہ کہ قانون اس کی واضح اجازت دے۔
عدالت نے قرار دیا کہ موجودہ مقدمہ بھی اسی اصول کے تحت آتا ہے، لہٰذا انٹرا کورٹ اپیل ناقابل سماعت ہے، عدالت نے انٹرا کورٹ اپیل مسترد کرتے ہوئے خارج کر دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments