آزاد کشمیر میں امن کی بحالی تک آپریشن جاری رہے گا، سیکرٹری داخلہ چودھری گفتار حسین

مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے سیکرٹری داخلہ چودھری گفتار حسین نے موجودہ صورتحال پر نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی گزشتہ 38 روز سے آزاد کشمیر میں امن و امان اور معمولاتِ زندگی کو سبوتاژ کرنے میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے تاریخی تعلقات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور کالعدم تنظیم کا اصل مقصد پاکستان مخالف بیانیے کو فروغ دینا ہے، تاجروں کو دھمکیاں دینا، زبردستی بازار بند کرانا اور شہریوں کی زندگی اجیرن بنانا اس تنظیم کا معمول بن چکا ہے۔

سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ طلبہ، خواتین اور بچوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ طلبہ کے ہاتھوں سے قلم چھین کر انہیں زبردستی احتجاج اور انتشار کی سیاست کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، احتجاج کا لبادہ اوڑھ کر دھونس، بلیک میلنگ اور پروپیگنڈے کی سیاست کو مستقل ہتھیار بنایا گیا ہے۔

چودھری گفتار حسین نے کہا کہ آزاد کشمیر کے غیور عوام نے شرپسند عناصر کے انتشاری ایجنڈے کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ تمام شاہراہوں کی مکمل کلیئرنس تک آپریشن جاری رہے گا، جبکہ پولیس کی معاونت کے لیے رینجرز کی نفری بھی راولاکوٹ پہنچ چکی ہے۔

سیکرٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ جدید ترین ہتھیاروں اور بارودی مواد کا استعمال کالعدم کمیٹی کے نام نہاد پُرامن بیانیے کی مکمل نفی کرتا ہے، تصادم کے دوران فرض کی ادائیگی کے دوران ریاست کا ایک فرض شناس اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...