ازبک نائب وزیراعظم کے دورہ پاکستان کیلئے تیاریوں کا جائزہ اجلاس
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ازبکستان کے نائب وزیراعظم جمشید خوجایوف کے آئندہ دورۂ پاکستان کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ازبکستان کے نائب وزیراعظم 20 اور 21 جولائی کو پاکستان کا دورہ کریں گے، جس کے دوران پاکستان اور ازبکستان کے درمیان 5 سالہ اقتصادی تعاون کے روڈ میپ پر دستخط متوقع ہیں۔
احد چیمہ نے کہا کہ ازبک نائب وزیراعظم کا دورہ دونوں ممالک کی شراکت داری میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا، 5 سالہ روڈ میپ سے باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی رابطوں کو فروغ ملے گا۔
وفاقی وزیر نے تمام متعلقہ وزارتوں کو دورے کی تیاریاں بروقت اور فول پروف مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر اتفاق رائے ہو چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دورے کے دوران پاک، ازبک بزنس ٹو بزنس فورم بھی منعقد ہوگا، جس میں ازبکستان کی 100 سے زائد بڑی کمپنیاں شرکت کریں گی، فورم میں زراعت، ادویات، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔
اجلاس میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سڑک اور ریل رابطوں کو بہتر بنانے، ٹرانسپورٹ راہداریوں کی استعداد کار بڑھانے اور لاجسٹکس کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے سے متعلق تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں معاون خصوصی ہارون اختر خان، سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ، سیکرٹری ریلوے مظہر علی شاہ، سیکرٹری کامرس جواد پال، سیکرٹری آئی ٹی ضرار ہاشم، سیکرٹری اقتصادی امور حمیر کریم اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments