لاکھوں نوجوان بنوقابل پروگرام میں رجسٹرڈ، جلد آئی ٹی یونیورسٹی بنائیں گے: حافظ نعیم

کراچی:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 16 لاکھ نوجوان بنوقابل پروگرام میں رجسٹرڈ، جلد آئی ٹی یونیورسٹی قائم کریں گے۔

  الخدمت کے بنوقابل پروجیکٹ کے تحت چوتھے سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ بنوقابل پروگرام نوجوانوں کے لیے گیم چینجر ثابت ہوا ہے۔

انہوں نے کورس مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی گریجویشن تقریب ہے، جماعت اسلامی نے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر اعتماد کرتے ہوئے آئی ٹی سمیت مختلف کورسز مکمل طور پر مفت کرائے اور اس مد میں ایک پائی بھی وصول نہیں کی۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق شہریوں کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کرنا حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے، مگر حکمرانوں نے تعلیم کے دروازے بند کر دیے ہیں جب کہ نوجوان روزگار اور سرکاری ملازمتوں سے بھی محروم ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی سے شروع ہونے والا بنوقابل پروگرام اب ملک کے بڑے شہروں تک پھیل چکا ہے اور جلد آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام کا خواب بھی پورا کیا جائے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں 18 سے 20 ارب ڈالر کی صلاحیت موجود ہے، جس سے ملک معاشی ترقی کی نئی منزلیں طے کر سکتا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا تعلیم کے شعبے کی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں کروڑوں بچے سکولوں سے باہر ہیں، کراچی کے سرکاری سکول اور جامعات بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جب کہ تعلیم کے بجٹ کے باوجود عوام کو معیاری سہولتیں فراہم نہیں کی جا رہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان کسی ایک شخصیت یا جماعت کا نہیں بلکہ تمام شہریوں کا ملک ہے، انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مایوسی سے بچیں، اتحاد، تعلیم، محنت اور کردار سازی کو اپنا شعار بنائیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ منشیات کے خلاف مہم میں حصہ لیں، والدین اور اساتذہ کا احترام کریں اور آئی ٹی کورسز مکمل کرنے والے نوجوان مزید بچوں کو بھی تعلیم دیں۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں کے مسائل طاقت کے استعمال سے نہیں بلکہ تعلیم، انصاف اور مواقع فراہم کرنے سے حل ہوں گے، بنوقابل پروگرام میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے نوجوان بھی برابر شریک ہیں اور یہ پروگرام بلاامتیاز تمام پاکستانیوں کے لیے ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...