مون سون کے بعد خستہ حال عمارتوں کا سروے کرایا جائے، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مون سون سیزن کے فوراً بعد پنجاب کے ہر شہر میں خستہ حال عمارتوں کا جامع سروے کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) فیز ون کی جلد تکمیل کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، اجلاس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وہاڑی، بورے والا، تاندلیانوالہ، جڑانوالہ، جلال پور جٹاں، سمبڑیال، مریدکے، کھڈیاں، کبیروالا، چک جھمرہ، بھلوال، اٹک، کمالیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرہ، علی پور چٹھہ، چیچہ وطنی، ڈسکہ، لیہ، سلانوالی، وزیرآباد، بہاولنگر اور میلسی سمیت مختلف شہروں کے پی ڈی پی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، جبکہ ساہیوال، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، ننکانہ، راولپنڈی اور سیالکوٹ کے منصوبوں پر بھی رپورٹ پیش کی گئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پی ڈی پی فیز ون کی کیس سٹڈی تیار کرنے، سیوریج اور ڈرینیج منصوبوں پر امپیکٹ سٹڈی رپورٹ پیش کرنے اور پروگرام پر عوامی فیڈ بیک مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ 29 شہروں میں زیرزمین سٹوریج ٹینک مکمل طور پر فعال ہو چکے ہیں، جبکہ مزید 21 شہروں میں ان کی تعمیر کا کام جاری ہے۔

وزیراعلیٰ نے ڈی سی لاہور کیپٹن علی اعجاز اور ڈی سی گوجرانوالہ نوید احمد شیخ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی، باغبانپورہ سانحے کے دوران کیپٹن علی اعجاز آخری شہری کو ملبے سے نکالنے تک مسلسل 27 گھنٹے موقع پر موجود رہے، جبکہ گوجرانوالہ میں ریکارڈ بارش کے باوجود چھ گھنٹے سے بھی کم وقت میں نکاسی آب مکمل کرنا قابل تعریف ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ مختلف شہروں میں نئے سیوریج نظام کی بدولت نکاسی آب کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، انہوں نے مون سون کے دوران ڈپٹی کمشنرز، سسٹنٹ کمشنرز، واسا اور ستھرا پنجاب کے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بارشوں کے دوران عوام کی سہولت کے لیے دن رات کام کرنے والے تمام افسران اور اہلکار مبارکباد کے مستحق ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...