عوام کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے مقامی حکومتوں کو بااختیار بنایا جائے: رضا ربانی
بارسلونا: (دنیا نیوز) سابق چیئرمین سینیٹ سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ مزید صوبوں کی تقسیم ملک کو درپیش مسائل کا حل نہیں، عوام تک بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مقامی حکومتوں کو بااختیار بنایا جائے۔
رضا ربانی نے کہا کہ پاکستان میں بلدیاتی نظام کو بدقسمتی سے مطلوبہ اختیارات نہیں دیے گئے، مزید صوبوں کی تشکیل سے وفاقی نظام پر گہرے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، ملک کی موجودہ داخلی صورتِ حال مزید فالٹ لائنز پر دباؤ کی متحمل نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ صوبے تاریخی، لسانی، نسلی اور ثقافتی بنیادوں پر قائم ہیں، مزید صوبے بنائے جائیں تو ان کی تشکیل تاریخی، لسانی اور ثقافتی بنیادوں پر ہونی چاہیے، صوبوں کی تقسیم محض انتظامی بنیادوں پر نہیں ہونی چاہیے۔
سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا کہ کسی بھی صوبے کی مزید تقسیم بنیادی طور پر متعلقہ صوبے اور اس کے عوام کا معاملہ ہے، صوبے کی تقسیم کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت کی منظوری آئینی تقاضا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت ہائبرڈ نظام چل رہا ہے، اسمبلیاں موجود ہیں لیکن وہ اپنا حقیقی اور مؤثر کردار ادا نہیں کر پا رہیں، اہم پالیسی فیصلوں میں پارلیمان کا کردار مسلسل محدود ہو رہا ہے۔
رضا ربانی نے کہا کہ پارلیمان کو آئینی، قومی اور پالیسی معاملات میں اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے، قانون کی حکمرانی کے لیے آزاد، مضبوط اور غیر جانب دار عدلیہ ناگزیر ہے، عدلیہ کی آزادی کا تحفظ ایگزیکٹو اور پارلیمان دونوں کی آئینی ذمہ داری ہے۔
سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہیے، تاہم طریقۂ کار پر اتفاقِ رائے ضروری ہے، اوورسیز ووٹنگ کے لیے مکمل شفاف، محفوظ اور قابلِ اعتماد نظام تشکیل دیا جائے، پاکستان کا انتخابی نظام پہلے ہی سوالات کی زد میں ہے، مزید شفافیت یقینی بنانا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں پہلی مرتبہ مرحلہ وار پولنگ کرائی گئی، آزاد کشمیر کے انتخابات کی شفافیت کے حوالے سے کئی سوالات موجود ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے معاملے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments