الیکشن کمیشن کا پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مرحلے وار کرانے کا فیصلہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مرحلے وار کرانے کا فیصلہ کیا ہے، پہلا مرحلہ 7 فروری 2027 کو ہوگا۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق مختصر آرڈر جاری کر دیا۔
حکمنامے میں کہا گیا کہ چیف سیکرٹری نے بتایا پنجاب حکومت کی کمیٹی اور کمیشن میں باہمی مشاورت سے طے ہوا تھا انتخابات دسمبر تا جنوری ہوں گے، چیف سیکرٹری کی استدعا الیکشن کی تاریخ ترجیحاً 20 جنوری 2027 کے بعد رکھی جائے۔
جاری حکمنامے کے مطابق چیف سیکرٹری نے استدعا کی کہ موسم اور انتظامی سہولت کے پیش نظر انتخابات مرحلہ وار کرائے جائیں، انتخابات ایمانداری، انصاف اور قانون کے مطابق کرانا اور لیول پلیئنگ فیلڈ دینا کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ چیف سیکرٹری پنجاب کی استدعا مفاد انصاف میں قبول کر لی گئی، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 7 فروری 2027 کو ہوگا، سیکرٹریٹ کو فالو اپ کارروائی کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
قبل ازیں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے سماعت کی، وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری لوکل کمیشن میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پنجاب کی کابینہ کمیٹی اور الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا تھا، پنجاب حکومت نے 15 دسمبر سے 15 جنوری کے دوران الیکشن کرانے کا کہا تھا۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ ہماری بلدیاتی الیکشن کی تیاری مکمل ہے، درخواست ہے کہ انتخابات کیلئے 20 جنوری کے بعد کی تاریخ دی جائے، ہمیں الیکشن تیاری کیلئے دو ماہ چاہئیں، پنجاب اور لاہور میں دسمبر میں بہت دھند ہوتی ہے، 20 جنوری کے بعد موسم کھل جاتا ہے، سٹاف کیلئے انتظامات کے حوالے سے دسمبر بہت تکلیف دہ ہوتا ہے۔
ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ آپ تو اپریل کا الیکشن کہہ رہے تھے۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ ہم نے دوبارہ سوچا کہ جنوری اور فروری میں اعتراض نہیں ہے، اپریل میں ہمیں الیکشن سوٹ کرتا تھا، اپریل میں سکول کی چھٹیاں ہوتی ہیں، سردی میں دن بھی بہت چھوٹا اور ووٹر نہیں نکلتا جبکہ اپریل میں روشنی کا پورا دن ملتا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ 20 جنوری کی درخواست پر غور کریں گے، اس کے بعد الیکشن تاریخ کا اعلان کر دیں گے، چیف الیکشن کمشنر نے چیف سیکرٹری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ بسنت تو ویسے آپ منا رہے ہیں۔
پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن سے 20جنوری کے بعد بلدیاتی انتخابات کرانے درخواست کی، جس پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments