کسی بھی علاقے کو ترقی کے سفر میں پیچھے نہیں رہنے دیں گے: وزیراعظم آزاد کشمیر

مظفرآباد:(دنیا نیوز) وزیر اعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت کا ہر قدم عوامی خوشحالی اور ریاست کی تعمیر و ترقی کے لیے وقف ہے، آزاد کشمیر کے کسی بھی علاقے کو ترقی کے سفر میں پیچھے نہیں رہنے دیں گے۔

مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ عوام کو حکومتی اقدامات کے ثمرات عملی طور پر زمین پر نظر آئیں گے، جبکہ عوامی محرومیوں کا خاتمہ اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانے اور ان کے مسائل حل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا  کہ آزاد کشمیر کے تمام علاقوں میں یکساں بنیادوں پر تعمیر و ترقی کا عمل آگے بڑھایا جائے گا اور ایسے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں جن سے براہِ راست عام آدمی مستفید ہوگا۔

افتخار گیلانی نے کہا کہ عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے، عوامی خدمت، ریاستی ترقی اور خوشحالی کے عزم کے ساتھ حکومت میدان میں آئی ہے اور عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی سرپرستی پر شکر گزار ہیں، جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تعاون اور رہنمائی کے بھی ممنون ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی کے منصوبوں کو مزید آگے بڑھایا جائے گا، عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے اور حکومتی ترجیحات کے مثبت نتائج آنے والے دنوں میں عوام کے سامنے آئیں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...