امریکا میں سکھ رہنما کے قتل کی سازش میں ملوث بھارتی شہری کو 19 سال قید

نیویارک: (دنیا نیوز) امریکا میں بھارتی حکومت کی پشت پناہی میں ایک سکھ علیحدگی پسند رہنما کو قتل کرنے کی ناکام سازش کا اعتراف کرنے والے بھارتی شہری کو 19 سال سے زائد قید کی سزا سنا دی گئی۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق قتل کی یہ سازش اس وسیع تر مہم کا حصہ تھی جسے امریکی اور کینیڈین حکام بھارتی حکومت کے ناقدین اور مخالفین کو نشانہ بنانے کی کوشش قرار دیتے ہیں۔

خبررساں ایجنسی نے بتایا کہ 55 سالہ نکھل گپتا نے رواں سال فروری میں اجرتی قتل، اجرتی قتل کی سازش اور منی لانڈرنگ کی سازش کے الزامات میں اعترافِ جرم کیا تھا۔

استغاثہ نے نکھل گپتا پر الزام عائد کیا تھا کہ اس نے ایک بھارتی سرکاری اہلکار کے ساتھ مل کر نیویارک میں قائم تنظیم  سکھس فار جسٹس  کے رہنما اور امریکی و کینیڈین شہریت کے حامل گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی سازش تیار تھی۔

عدالتی دستاویزات میں لکھا گیا کہ نکھل گپتا اور بھارتی حکومتی اہلکار وکاش یادو نے ایک مبینہ قاتل کو 15 ہزار ڈالر نقد رقم پہنچانے کا انتظام کیا تھا جو دراصل امریکی قانون نافذ کرنے والے ادارے کا ایک خفیہ اہلکار تھا۔

واضح رہے وکاش یادو پر بھی اس مقدمے میں فردِ جرم عائد کی گئی ہے تاہم وہ امریکی حراست میں نہیں ہے اور یہ بھی واضح نہیں ہے کہ آیا اس نے اپنا کوئی وکیل مقرر کیا ہے یا نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...